لاہور ہائیکورٹ نے لوہا پگھلانے والی فیکٹریوں کو آلودگی کم کرنیوالے آلات نصب کرنے کا حکم دیدیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے لوہا پگھلانے والی فیکٹریوں کو آلودگی کم کرنے والے آلات نصب کرنے کا حکم دے دیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی سدباب کے لئے عبوری تحریری حکم میں نشاندہی کی ہے کہ ماحولیاتی کمشن نے فصلوں کا بھوسا جلانے پر دفعہ 144 نافذ کرنے کی تجویز پیش کی۔عدالت نے کمشن کی تجویز پر فصلوں اور درختوں کی شاخیں کاٹ کر جلانے پر دفعہ 144 نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات محکمہ کو حکم دیا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کیلئے محکمہ داخلہ کو چٹھی لکھی جائے۔عدالت کے روبرو محکمہ زراعت نے فصلوں کے بھوسے کو مشینی طریقے سے کاٹنے کی یقین دہانی کرائی۔