عمران کا وزیر اعظم رہنا کرپٹ عناصر کیلئے پریشانی کاباعث ہے:ہمایوں اختر
لاہور( نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اصل حقائق یہ ہیں کہ عمران خان کا وزیر اعظم کے عہدے پر رہنا ملک و قوم کیلئے نہیں بلکہ کرپشن کرنے والوں اور اپوزیشن کی رہی سہی سیاست کیلئے مشکلات کا باعث ہو گا ،اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف محاذ کھولنے کیلئے کوئی ایجنڈا اور جواز موجود نہیں اس لئے آل پارٹیز کانفرنس کے معاملے پر ’’پہلے آپ پہلے آپ‘‘ کا فارمولہ اپنا کر فیس سیونگ کی جارہی ہے ،کورونا وائرس کی وباء تھمنے کے بعد معیشت کا پہیہ دوبارہ چل پڑا ہے اور انشا اللہ بہت جلد اپنی پوری رفتار سے گھومے گا۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے '' پاکستان کی سیاست کے حقائق '' کے موضوع پر منعقدہ ایک تقریب میں خطاب اور وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام اس حقیقت سے آگاہ ہیںکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کے ساتھ کیا کھلواڑ کر کے گئی ہے۔ حالات جیسے بھی رہے ہوں وزیر اعظم عمران خان خود کبھی مایوس ہوئے اور نہ قوم کو مایوس ہونے دیا ۔اور یہی بڑے لیڈر کی نشانی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عوام سے احتساب کے بیانیے پر ووٹ حاصل کیا اور حکومت نے اپنے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہے لیکن احتساب کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔