کراچی پولیس چیف کا محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس
کراچی (سٹی ڈیسک)ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیرصدارت ڈی آئی جی ساؤتھ افس میں محرم الحرام کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کمشنر کراچی، فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے علما ،جلوس کے آرگنائزر، زونل ڈی آئی جیز ،ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی ٹریفک، ضلعی ایس ایس پیز و دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔اس اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں شریک علما اور منتظمین جلوس ودیگر عہدیداران نے سابقہ انتظامات و پولیس کے تعاون کو سراہا اور مزید بہتری کی سفارشات کیں جنہیں کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بغور سنا اور انکو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔علما اور منتظمین جلوس/مجالس نے لوڈشیڈنگ، صفائی ستھرائی اور متعلقہ سڑکوں کی استر کاری اور حالیہ بارشوں سے جمع پانی اور ابلتے ہوئے گٹروں کے متعلق تحفظات کا اظہار کیا جس پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نیاجلاس میں موجود افسران کوہدایات جاری کیں کہ سول انتظامیہ کے متعلقہ افسران سے رابطہ کر کے ان کے تحفظات کو بروقت دورکیاجائے. ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ھدایات جاری کیں کہ منتظمین اپنے علاقوں میں مجالس کے انعقاد سے پہلے ذاکرین اور مجالس کے مقام کے بارے میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کوپیشگی اطلاع دیں اور اپنے طور پر بھی حفاظتی اقدامات کیے جائیں ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اور پولیس کے تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔