ایشیا کرکٹ کپ انڈر 19کے شیڈول کا اعلان
لاہور(آئی این پی) ایشیا کرکٹ کپ (اے سی سی)انڈر 19کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔اے سی سی انڈر 19کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ افغانستان اور کویت کی ٹیمیں بھی گروپ اے کا حصہ ہوں گی۔گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور نیپال شامل ہیں۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 7ستمبر کو میچ کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ افغانستان کے خلاف 5 ستمبر کو کھیلے گا۔ پاکستان اور کویت کی ٹیمیں 9ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔اے سی سی انڈر 19کپ 5سے 14ستمبر تک سری لنکا میں شیڈول ہے اور ٹورنامنٹ کا فائنل 14ستمبر کو کھیلا جائے گا۔سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان کی حامی بھری ہے تاہم ٹیم کے دورہ پاکستان کو حکومتی اجازت سے مشروط قرار دیا ہے۔سری لنکن میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ بورڈ کسی بھی قسم کا وعدہ کرنے سے قبل اپنی حکومت کی جانب سے کلیئرنس حاصل کرنے کا منتظر ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ اگلے ہفتے تک کیے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد موہن ڈی سلوا کی سربراہی میں رواں ماہ پاکستان آیا تھا جنہوں نے واپس جا کر مثبت رپورٹ پیش کی تھی۔