عامرخان اورفریال کا تیسرے بچے کی پیدائش کی خوشخبری سنانے کا منفرد انداز
لندن (آئی این پی)پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان اوران کی اہلیہ فریال مخدوم کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ دونوں نے بچے کی آمد کا اعلان منفرد انداز میں کیا۔فریال مخدوم نے اپنی فیملی میں اضافے کی اطلاع دیتے ہوئے یہ دلچسپ ویڈیو انسٹا گرام پرپوسٹ کی ہے۔باکسنگ تھیم میں کی جانے والی اس اناونسمنٹ میں گلابی اور نیلے دونوں طرح کے غباروں سے سجاوٹ کی گئی ہے ۔ درمیان میں ایک بڑا غبارہ ہے جس میں یہ راز چھپا ہے کہ دونوں کا ہونے والا بچہ لڑکا ہے یا لڑکی۔فریال کو تو یقیننا اس حوالے سے علم ہے لیکن عامرکی ایکسائٹمنٹ دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔باکسنگ گلوز پہنے ہوئے عامرخان نے غبارے کو مکا رسید کیا تو اندر سے چھوٹے سائز کے نیلے غبارے نکلے جس پر عامر نے خوشی سے چلاتے ہوئے کہا، اٹس آ بوائے۔اس سے قبل دونوں کی 2بیٹیاں ہیں ۔ پہلی بیٹی لمائسا سال 2014جبکہ چھوٹی بیٹی الیانا سال 2018میں پیدا ہوئی۔عامر اور فریال کی شادی سال 2013میں نیویارک میں ہوئی۔ دوسری بیٹی کی پیدائش سے قبل اس جوڑے کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے یہاں تک کہ نوبت علیحدگی تک پہنچ گئی لیکن بعد ازاں فریال مخدوم کی جانب سے سسرال والوں پر عائد کیے جانے والے تشدد اور دیگر الزامات واپس لینے اور معافی مانگنے کے بعد دونوں میں صلح ہو گئی تھی۔