تحریک انصاف عوامی اعتماد کو ٹھوکر نہ مارے، استعفوں کے فیصلے پر نظرثانی کرے: خورشید شاہ
کراچی+ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت استعفوں کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ تحریک انصاف کے رہنما عوامی اعتماد کو ٹھوکر نہ ماریں۔ تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔ حکومت اور دھرنے دینے والے ملک کے وسیع تر مفاد میں بات چیت کریں۔ اپوزیشن لیڈر نے سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ وہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور نہ کریں۔ اس موقع پر ٹیلی فونک رابطے میں میاں رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمنٹ مضبوط ہوگی تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔ موجودہ سیاسی بحران کا حل واحد مذاکرات ہیں۔ دوسری جانب پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران کا وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنا غیر آئینی نہیں البتہ یہ انتہائی اقدام ہے۔ سب کہتے ہیں کہ الیکشن میںدھاندلی ہوئی ہے، ہم مانتے ہیں کہ وزیراعظم نواز شریف دھاندلی شدہ وزیراعظم ہیں لیکن اگر وزیراعظم کا استعفیٰ لے لیا جائے اور پھر نیا وزیراعظم بھی اسی اسمبلی سے ہی منتخب ہوگا تو نیا بننے والا وزیراعظم بھی دھاندلی شدہ الیکشن کی پیداوار ہوگا۔