اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے ملک میں توانائی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم اور پانی و بجلی کی وزارتوں کو ضم کرکے صرف وزارت توانائی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے پیش کردہ ان دونوں وزارتوں کو ضم کرنے کا منصوبہ منظور کرلیا ہے ۔ وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے صدر زرداری سے شکایت کی تھی کہ قوم کو درپیش توانائی کے بحران سے نکالنے کیلئے ان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں انہیں وزارت پانی و توانائی کی طرف سے مسائل کا سامنا ہے جس کے بعد صدر آصف علی زرداری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان دونوںوزارتوں کو ضم کرکے سنگل وزارت بنانے کیلئے قانونی اور انتظامی کام مکمل کریں جبکہ وزارت قانون اس معاملے کے تمام آئینی امور کی مکمل جانچ پڑتال کرنے اور قواعد وضوابط میں تبدیلی کے بعد اسے منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا ۔عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بھی ان دونوں وزارتوں کو ضم کرنے کی سفارش کی گئی تھی جبکہ مقامی سطح پر توانائی کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں نے بھی وفاقی حکومت سے گزشتہ سال کہا تھا کہ دونوں وزارتوں کے متضاد کردار کے باعث انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔
پٹرولیم
پٹرولیم