وزیراعظم کراچی میں امن بحال نہیں کر سکتے تو استعفی دیدیں : الطاف ....پیپلز پارٹی کے وزراءشرپسندوں کی مدد کر رہے ہیں : فاروق ستار
کراچی+ لندن (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ ریڈیو مانیٹرنگ) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کراچی میں قتل عام نہیں روک سکتے اور امن بحال نہیں کر سکتے تو استعفیٰ دیدیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنے احکامات پر عمل نہیں کرا سکتے اور مہاجروں کا قتل نہیں روک سکتے تو انہیں اپنے عہدے پر نہیں رہنا چاہئے، کئی بار دہشت گردوں کی نشاندہی کی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ وزیراعظم کو دہشت گردوں کے بارے میں کئی بار آگاہ کیا لیکن کچھ نہیں ہوا، دہشت گردی کے ان درد ناک واقعات پر آخر عوام کب تک خاموش رہیں گے۔ دوسری جانب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر رابطہ کمیٹی فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں قتل و غارت گری کرنے والے عناصر کو پیپلزپارٹی کے بعض وزیروں کی سرپرستی حاصل ہے۔ تاجروں کے گھروں پر دستی بموں سے حملے کرکے انہیں خوفزدہ کیا گیا۔ لیاری میں جرائم پیشہ عناصر کی قتل و غارت گری اور لوٹ مار جاری ہے۔ لیاری کو نوگوایریا بنا دیا گیا ہے۔ کھچی برادری کے نوجوانوں کے قتل کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے وزراءکی دہشت گردوں کو سرپرستی کیخلاف احتجاج ریکارڈ پر ہے۔ پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گرد بھتہ وصول کر رہے ہیں، لیاری میں جوئے کے اڈوں پر دھماکوں کے واقعات ہوئے، گینگ وار میں جدید ہتھیاروں کا استعمال معمول بن چکا ہے، جرائم پیشہ عناصر راکٹ لانچر، دستی بم استعمال کرتے رہے ہیں، مہاجروں کو لاوارث تصور نہ کیا جائے، پیپلز امن کمیٹی اور گینگ وار کی سرکاری سرپرستی ختم کی جائے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ ایم کیوایم منگل کو پرامن یوم سوگ اور یوم مذمت منائے گی، دہشت گردوں نے واٹر بورڈ کے پانچ ملازموں کو خاک اور خون میں نہلا دیا۔ مہاجروں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے، حکومت نے مظلوم مہاجروں سے اظہار ہمدردی تک کیا نہ ہی مجرم گرفتار کئے، ہم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ آج بھی کئی مہاجر نوجوان دہشت گردوں کے نرغے میں ہیں۔ سرکاری حکام نے 300 افراد کو بازیاب کرانے کا اعلان کیا ہے، دہشت گردوں نے 100سے زائد افراد کو قتل کر دیا۔ اب کوئی بات ڈھکی چھپی نہیں رہی، حکومت ہمارے نسخے پر عمل کرلے تین دن سے 3 ماہ میں دیرپا امن قائم ہو جائے گا۔ چکرا گوٹھ واقعہ کے ملزموں کو گرفتار کیا جائے، ایم کیو ایم کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے تو کوئی بھی فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔ صدر اور وزیراعظم مہاجروں کے قتل عام کا نوٹس لیں۔ آل کراچی ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ آج کراچی کے تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے۔ چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا ہے کہ تاجر غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہاکہ تاجر ہر روز یوم سوگ منا رہے ہیں شہر کاروبار کے قابل نہیں رہا۔ سندھ میں آج نجی سکول بند اور سرکاری سکول کھلے رہیں گے۔ جامعہ کراچی نے آج ہونے والے امتحانات ملتوی کر دئیے ہیں۔ صدرکراچی ٹرانسپورٹ نے آج شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پرائیویٹ سکولوں کی ایسوسی ایشنز نے سکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ آل پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید خالد شاہ اور پبلک پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر حیدر علی نے نوائے وقت کو بتایا کہ کراچی میں بے گناہ قتل کئے جانے والے شہریوں کے خاندان سے اظہار یکجہتی کیلئے ہم نے سکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ یوم سوگ اور مذمت پر عوام گھروں پر سیاہ پرچم لہرائیں، شہداءکے ایصال ثواب کی محفلیں منعقد کریں گے، تاجر صنعتکار، ٹرانسپورٹر یوم سوگ میں شرکت کرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں، ایم کیو ایم قاتلوں اور دہشت گردوں کی نشاندہی کر چکی ہے، حکومت کا کام ہے کہ وہ انہیں پکڑے، دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں پر اللہ کا عذاب نازل ہو گا۔ حکومت نے تحفظ نہ دیا تو آئین کے تحت ہر قدم اٹھا سکتے ہیں۔ حیدرآباد چیمبر آف کامرس نے بھی آج یوم سوگ کی حمایت اور انجمن تاجران حیدر آباد نے بھی آج کاروبار بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
الطاف حسین
الطاف حسین