پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدن میں نمایاں اضافہ

Apr 23, 2025

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) گروپ نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج جاری کر دیے، جن کے مطابق گروپ کی آمدن میں سال بہ سال 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، آمدن میں یہ اضافہ فکسڈ براڈ بینڈ، موبائل ڈیٹا، انٹرپرائز سروسز اور وہول سیل بزنس کی مضبوط کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کی مجموعی آمدن 61.8 ارب روپے رہی، جبکہ پی ٹی سی ایل کی انفرادی آمدن 14 فیصد اضافے سے 29.6 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ کمپنی نے پہلی سہ ماہی میں 4.1 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے، جبکہ خالص منافع 1.2 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ یوفون 4G کی آمدن میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور آپریٹنگ منافع میں 11 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ ڈیجیٹل مصنوعات، بہتر صارف تجربے اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کا نتیجہ ہے۔ یوبینک نے بھی نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے آمدن میں 77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔ پی ٹی سی ایل نے ملک میں ڈیجیٹل پاکستان کے وڑن کو آگے بڑھاتے ہوئے اہم اقدامات کیے، جن میں واٹس ایپ کے ذریعے بل کی ادائیگی کی سہولت کا آغاز، فلیش فائبر کی خدمات میں توسیع اور صارفین کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کرنا شامل ہے۔ بزنس سروسز کے شعبے نے بھی اپنی قیادت برقرار رکھی، اور کلاوڈ، ڈیٹا سینٹر، اور آئی پی بینڈوڈتھ سروسز میں ترقی کو برقرار رکھا۔ سماجی خدمات کے میدان میں، پی ٹی سی ایل گروپ نے ’دل سے بااختیار‘ پروگرام کے تحت خواتین کو معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کرنے کے لیے اقدامات کیے۔ اس پروگرام کی تحت خواتین نے پشاور زلمی کی کٹس تیار کیں، جبکہ اگلے مرحلے میں اس پروگرام کو ملک کے 20 سے زائد اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ لاہور میں منعقدہ ویمن کیریئر سمٹ میں بھی پی ٹی سی ایل گروپ نے فعال کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں، پی ٹی سی ایل گروپ نے سماعت سے محروم افراد کی مدد کے لیے کنیکٹ ہئیر ایپ تک مفت رسائی فراہم کی، تاکہ ان افراد کو ایمرجنسی حالات میں بروقت انتباہی پیغامات اور اشاروں کی زبان کے ترجمانوں تک رسائی ممکن ہو سکے۔ پی ٹی سی ایل گروپ نے مالی اور سماجی دونوں محاذوں پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کیا بلکہ ملک میں ڈیجیٹل ترقی، شمولیت اور انسانی فلاح و بہبود کے فروغ میں بھی اپنا اہم کردار ادا کیا۔

مزیدخبریں