اسلام آباد(خبرنگار)ورلڈ ارتھ ڈے 2025 کے موقع پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، سینیٹر مصدق مسعود ملک نے ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی مزاحمت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع "ہماری طاقت، ہمارا سیارہ" ہمیں یاد دلاتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے حل ہمارے اپنے اختیار میں ہیں۔ یہ ایک اجتماعی پکار ہے کہ ہم آلودہ ایندھن سے نجات حاصل کریں اور شمسی، ہوا، اور پن بجلی جیسے صاف اور قابلِ تجدید توانائی ذرائع کو اپنائیںوفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے محاذ پر کھڑا ہے اور اسے شدید سیلاب، طویل خشک سالی، شدید گرمی کی لہروں اور گلیشیئرز کے پگھلنے جیسے سنگین نتائج کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارتھ ڈے ہمیں ان بڑھتے ہوئے چیلنجز پر غور کرنے اور حکومت، سول سوسائٹی، نوجوانوں اور نجی شعبے سمیت تمام فریقین کی مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ موجودہ حکومت کے ماحولیاتی قیادت کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی صاف توانائی، پائیدار ترقی اور ماحول دوست اقدامات میں سرگرمِ عمل ہے۔ ان اقدامات میں متبادل و قابلِ تجدید توانائی پالیسی کا نفاذ، روشن پاکستان کے تحت شمسی توانائی کی توسیع، دیہی علاقوں میں آف گرڈ توانائی کی فراہمی، گرین اسٹیملس پیکیج کے ذریعے روزگار کی فراہمی، نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی کا اجرا اور صوبائی سطح پر موسمیاتی منصوبہ بندی کا فروغ شامل ہیں وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر شیزرا منصب علی خان کھرل نے بھی ارتھ ڈے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ جنگلات کی بحالی، سمارٹ زراعت، قابل تجدید توانائی اور صاف نقل و حرکت جیسے اقدامات سے پاکستان نہ صرف ماحول کی حفاظت کر سکتا ہے بلکہ ایک پائیدار اور بہتر مستقبل کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عملی اقدامات کے ذریعے اس دن کو منائیں درخت لگائیں، پانی بچائیں، پلاسٹک کے استعمال میں کمی کریں اور ماحولیاتی دوست پالیسیوں کی حمایت کریں
ارتھ ڈے چیلنجز پر غور، تمام فریقین کی کوششوں کو تیز کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، مصدق ملک
Apr 23, 2025