راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں دوسرے سالانہ اسپورٹس گالا کی رنگارنگ اختتامی تقریب

Apr 23, 2025

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں دوسرے سالانہ اسپورٹس گالا کی رنگارنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی طالبات نے مارچ پاسٹ، ایروبکس اور مارشل آرٹس کے شاندار مظاہرے پیش کیے۔ اسپورٹس سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے اسپورٹس گالا (18 تا 22 اپریل) میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ٹگ آف وار، لڈو، ریس، لیمن سپون ریس اور چیس کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں طالبات، فیکلٹی، ایڈمنسٹریشن اور سٹاف نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔مہمانِ خصوصی شازیہ رضوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کی قیادت میں حکومت خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے جہاں پڑھائی ضروری ہے وہاں کھیل کود بھی ازحد ضروری ہے۔پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کے وژن کی روشنی میں طالبات کو ہر میدان میں بااختیار بنانے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ ڈاکٹر انیلا کمال نے مزید بتایا راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی میزبانی میں آل پاکستان ویمن روئنگ انٹرویورسٹی چیمپئن شپ میں ملک بھر کی 14 ٹیموں نے شرکت کی۔آل پاکستان چیس انٹرورسٹی میں 21 ٹیموں نے یونیورسٹی کی میزبانی میں حصہ لیا۔ پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ جوڈو فیڈرل ویمن ایونٹ میں راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے اسلام آباد، گلگت، اسکردو، اور میرپور میں کامیاب مقابلے منعقد کرائے، جس میں یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے قومی سطح پر سلور  میڈل جیتا۔47ویں آل پاکستان بیڈمنٹن انٹرورسٹی چیمپئن شپ میں بھی یونیورسٹی نے بھرپور شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی کھلاڑیوں نے مختلف قومی و بین الجامعاتی مقابلوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں، جن میں3 گولڈ میڈلز، 4 سلور میڈلز اور 8 برونز میڈلز شامل ہیں۔ 36ویں روئنگ چیمپئن شپ میں 2 طالبات نے گولڈ میڈل جیتا۔ 4 طالبات کو اعلی کارکردگی پر HEC نے اسکالرشپس دی۔اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر انیلہ نے شازیہ رضوان کا اپنا قیمتی وقت دینے اور طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں