حضرو (نمائندہ نوائے وقت) سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ اٹک کے ڈپٹی کمشنر نے ایک نہایت قابلِ تحسین اور دور اندیش قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری اسکولوں میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے (ریین واٹر ہارویسٹنگ) کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اس پانی کو جمع کرنے کے بعد اسے زیرِ زمین ذخائر میں دوبارہ داخل کیا جائے گا تاکہ زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر ہو سکے، جو وقت کے ساتھ تیزی سے کم ہوتی جا رہی ہے۔پاکستان اس وقت شدید ماحولیاتی تبدیلیوں اور پانی کی قلت جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ زیرِ زمین پانی کے ذخائر ہمارے روزمرہ کے استعمال، زرعی نظام، اور صنعتوں کی بقا کے لیے نہایت اہم ہیں، لیکن ہم برسوں سے انہیں استعمال کرتے آ رہے ہیں بغیر اس کے کہ ان کی بھرپائی کا کوئی مؤثر نظام بنایا جائے۔بارش کا پانی عام طور پر نکاسی کے نالوں میں بہہ کر ضائع ہو جاتا ہے، حالانکہ یہی پانی اگر محفوظ کر کے زمین میں دوبارہ داخل کیا جائے تو یہ قدرتی طور پر پانی کے ذخائر کو ری چارج کر سکتا ہے۔
ریین واٹر ہارویسٹنگ کا نظام متعارف کروانا ڈی سی کا قابل تحسین اقدام ، امین اسلم
Apr 23, 2025