کلر سیداں،بنیادی مراکز صحت کی نجکاری کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری

Apr 23, 2025

کلر سیداں(نامہ نگار) کلر سیداں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی جانب سے بنیادی مراکز صحت کی نجکاری کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کلر سیداں میں پیر سے شروع ہونے والی پولیو مہم تعطل کا شکار رہی تا ہم اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں شبانہ نذیر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں ہسپتال میں آئے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے میڈیا کو بتایا کہ تحصیل کلر سیداں میں 106 کے قریب لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت 08 سنٹری ورکرز، 06 لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور 77 رضاکاروں نے اس قومی فریضہ کا بائیکاٹ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے  تحصیل کلر سیداں کی گیارہ یوسیز میں پولیو مہم کا کام عملا ٹھپ رہا۔ ادھر سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی  نے پولیو مہم کی دوران ڈیوٹی کرنے سے انکار پر 06 سکولز ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزر کو شوز کاز نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔

مزیدخبریں