عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نیب درخواست منظور کرتے ہوئے نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا ۔جمعہ کو لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیداد نیلامی کے لئے نیب کی درخواست منظور کرلی ۔عدالت نے چیئرمین ایس ای سی پی کو نواز شریف کے شیئرز فروخت کرنے کا حکم دے دیا ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے عدالت سے اشتہاری ملزم نواز شریف کی جائیداد نیلامی کی درخواست پر فیصلے کی استدعا کی جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ جن جائیدادوں پر اعتراض نہیں آیا ان کی فروخت کا آرڈر دے دیں گے۔نیب نے درخواست دی کہ جائیداد ضبطگی کے احکامات کو بھی 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور نواز شریف نے ابھی تک جان بوجھ کر عدالت کے سامنے سرنڈر نہیں کیا لہذا قانون کے مطابق مجاز اداروں کو ضبط کی گئی جائیداد کی نیلامی کے احکامات جاری کیے جائیں۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ ڈی سی لاہور اور ڈی سی شیخوپورہ نواز شریف کی اراضی فروخت کرکے 60 دن کے اندر رپورٹ پیش کریں، جائیدادیں نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔عدالت نے حکم دیا کہ نوازشریف کی گاڑیاں بھی 30 دن کے اندر نیلام کی جائیں، پولیس کی مدد سے گاڑیاں قبضے میں لے کر بیچی جائیں اور نواز شریف کے بینک اکائونٹس سے رقوم سرکاری خزانے میں منتقل کی جائیں۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024