بھارت سمیت دشمن قوتوں سے سی پیک‘ ترقی و استحکام ہضم نہیں ہو رہا: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے بھارت سمیت امن دشمن قوتوں سے سی پیک اور پاکستانی ترقی اور استحکام ہضم نہیں ہو رہا مگر ہم ان کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام ادارے، سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت22 کروڑ پاکستانی ایک پیج پر ہیں۔ وہ جمعرات کے روز صوبائی وزیر میاں خالد محمود سمیت تحریک انصاف کے مختلف اضلاع سے آنے والے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت دہشت گردوں کا سب سے بڑا سہولت کار ہے مگر پاکستانی قوم امن کے تحفظ اور دہشت گر دوں کیخلاف مضبوط کھڑی ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونیوالی دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ نہ صرف دہشت گردوں بلکہ انکے سہولت کاروں کا بھی پاکستان سے مکمل صفایا کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جب سے سی پیک کا منصوبہ شروع ہوا ہے پاکستان دشمن قوتیں اسکے خلاف سازشیں کر رہی ہیں۔ مگر ہم نے ایسے عناصر کو ہمیشہ ناکام بنایا ہے۔ سی پیک کے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل بھی کیا جائے گا۔