پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کیلئے 4 کھرب 75 ارب روپے کی تجویز
لاہور (کامرس رپورٹر ) پنجاب کے پی اینڈ ڈی بورڈ نے پنجاب کے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے لئے ابتدائی تجاویز ایوان وزیر اعلی کو ارسال کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کے لئے 4 کھرب 75 ارب روپے مختص کرنے جبکہ لاہور کے لیے 60 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج مختص کرنے کی تجاویز ڈرافٹ میں شامل ہیں۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں۔ محکمہ پی اینڈ ڈی بورڈ نے پنجاب کے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا پہلا مجوزہ ڈرافٹ ایوان وزیر اعلی کو ارسال کردیا ہے۔ جس میں نئے مالی سال میں 2کھرب 65 ارب روپے جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ایک کھرب 26 ارب روپے سے پنجاب میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ محکمہ پی اینڈ ڈی بورڈ حکام کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں کرونا کے تدارک اور ویکسین کی خریداری کے لیے بھی فنڈ رکھے جائیں گے۔ بجٹ میں صاف پانی، روڈ سیکٹر سمیت اربن ڈویلپمنٹ کے بجٹ میں اضافی فنڈ مختص کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔