قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے بیان کی گونج: حکومت اور اپوزیشن اراکین کا ہنگامہ
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں بھی وزیراعظم عمران خان کے ایران میں دیئے گئے بیان کی گونج سنائی دی جس پر حکومت اور اپوزیشن اراکین کے درمیان گرما گرمی دیکھی گئی۔ وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے وزیراعظم کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جرمنی اور فرانس کہنا چاہ رہے تھے، ان کی زبان پھسل گئی، وزیر اعظم کا آدھا جملہ دھرایا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کی رکن حنا ربانی نے کہا کہ اس ملک کا مذاق بنتا دیکھ کر ہم اب اس ملک کے لیے پریشان ہیں، کسی دوسرے ملک کے ساتھ بات چیت کرنے سے کوئی یار نہیں بن جاتا، حکومت کی ناختم ہونے والی غلطیاں جاری ہیں۔