کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مندی دیکھنے میں آرہی ہے۔
اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز 36901 پوائنٹس سے ہوا تھا اور پہلے ہی گھنٹے میں مارکیٹ مندی کا شکار ہوگئی۔ ابتدائی ایک گھنٹے میں انڈیکس 10 پوائنٹ کے اضافے سے 36911 پر بھی گیا لیکن کچھ ہی دیر بعد مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔اسٹاک ایکسچینج سے آخری خبر آنے تک انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کی کمی آچکی تھی اور انڈیکس 36170 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ منگل کے روز آخری خبریں آنے تک 50,595,540 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت2,286,658,756 پاکستانی روپے رہی۔
گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رحجان رہا اور کاروبار کا اختتام 100 انڈیکس میں 390 پوائنٹس کمی سے 36901 پر ہوا۔کاروباری ہفتہ کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورابتدا میں ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 182 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن انڈیکس پہلے ہی دن 1.06 فیصد نیچے آگیا۔ گزشتہ روز 4.43ارب روپے مالیت کے 12.5کروڑ شئیرز کا کاروبار ہوا۔
گزشتہ ہفتے اسد عمر کی طرف سے سبکدوشی کے اعلان کے بعد اسٹاک مارکیٹ 60 پوائنٹ کے اضافے پر بند ہوئی تھی ۔جب کہ جمعہ کو ابتدائی گھنٹوں میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 900 پوائنٹ کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 37 ہزار 292 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔