پاکستان کرکٹ ٹیم مشن ورلڈ کپ کیلئے لاہور سے انگلینڈ روانہ ہوگئی۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں۔ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کا عزم لیے پاکستا ن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ سے روانہ ہوئے۔ ورلڈ کپ سے پہلے قومی ٹیم برطانیہ میں ایک ٹی ٹوئنٹی اور5 ڈے میچز کھیلے گی ۔
شاہین ورلڈکپ کی تیاریوں کا آغاز27 اپریل کو کینٹ کاؤنٹی کے خلاف ٹورمیچ سےکریں گے۔ 3 پریکٹس میچز کھیلنے کے بعد قومی ٹیم 5 مئی کو انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جس کے بعد 5 ایک روزہ میچز کی سیریز ہوگی۔
ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی سے ہو رہا ہے، پاکستان روایتی حریف بھارت کیخلاف 9 جون کو میدان میں اترے گا جبکہ ورلڈ کپ کا فائنل 14 جولائی کوکھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں شامل تمام ٹیمیں سیمی فائنل سے پہلے 9،9 میچز کھیلیں گی۔
انگلینڈ روانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، جنید خان، یاسر شاہ، محمد حسنین، عابد علی، بابر اعظم اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ شعیب ملک دبئی سے ٹیم کو جوائن کریں گے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ خواہش ہے عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتوں، ہماری تیاری مکمل ہے۔
بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں ہرا چکے ہیں جس کا ایڈوانٹیج ہمارے پاس ہوگا۔سرفرازنے قوم کو یقین دہانی کرائی کہ ہر کھلاڑی 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گا۔
یاد رہے کہ شاداب خان میں ہیپا ٹائٹس کی شخیص کے بعد ان کی جگہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ بالر محمد عامر کی اسکواڈ میں شمولیت کا انحصار بھی دورہ انگلینڈ کی کارکردگی پر ہے۔