پنجاب پولیس کے پاس کارکردگی میں بہتری لانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،آئی جی پنجاب
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے پاس اب کارکردگی میں بہتری لانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں، سستی اور کاہلی کی گنجائش نہیں ۔ عوام میں پولیس کے امیج کو ہر صورت میں بہتر کرنا ہو گا باتیں کرنے کا وقت گزر چکا اب عملی میدان میں اترنا ہو گا اور جرائم کی بیخ کنی کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کے ساتھ اچھے رویے سے پیش آ کر پنجاب پولیس کا عوام میں تاثر بہتر کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہو ںنے پولیس لائن راولپنڈی میں منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی احمد اسحق جہانگیر, سی پی او راولپنڈی عباس احسن , اٹک , جہلم , چکوال کے ڈی پی اوز , راولپنڈی رینج کے اعلی پولیس افسران , ایس ایچ اوز , سب انسپکٹرز , اے ایس آئیز اور اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی آئی جی پولیس پنجاب نے کہا کہ اوسطا ًہر سال 54 ہزار پولیس افسران او راہلکاروں کو قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی پر محکمانہ سزائیں بھگتنا پڑتی ہیں ۔ مگر اس کے باوجود اس کے نتائج حوصلہ افزا نہیں ہیں لہذا پولیس کو اپنی کارکردگی اور کردار کے ذریعے عوام میں اپنے تاثر کو بہتر کرنا ہو گا