قومی اسمبلی کی آئینی مدت 31 مئی کو مکمل ہوگی,موجودہ حکومت نے پانچ سال کے دوران132 قوانین پاس کیے ہیں
اسلام آباد:قومی اسمبلی اپنی آئینی مدت31 مئی کو پوری کرے گی۔ موجودہ حکومت نے پانچ سال کے دوران132 قوانین پاس کیے ہیں۔موجودہ دور حکومت کی قومی اسمبلی میں پانچ سالہ کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو سب سے زیادہ قانون سازی2016میں ہوئی جبکہ سب سے کم 2014 میں ہوئی۔حکمراں جماعت نے پانچ برسوں کے دوران132 قوانین منظور ہوئے جن میں چار آئینی ترامیم بھی شامل ہیں جن میں سے21ویں اور 23ویں ترامیم فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق ہیں۔ مزید دو ترامیم الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر اور حلقہ بندیوں اور نشستوں کے ردوبدل کے بارے میں کی گئی ہیں۔قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے ایک سو بتیس قوانین میں نیکٹا، الیکشن ایکٹ، ہندو میرج بل، پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ، تحفظ پاکتسان ایکٹ شامل ہیں۔قومی اسمبلی سے پاس ہونے والے دیگر قوانین میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی فاٹا تک توسیع کا بل، گیس چوری اور ریکوری ایکٹ قابل ذکر ہیں۔موجودہ دور حکومت میں 13 ایسے قوانین بھی شامل ہیں جو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مختلف ترامیم کے نتیجے میں مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس کو منتقل کیے گئے تھے۔