سیالکوٹ :شادی سے انکار پرتیزاب گردی کا شکار لڑکی دم توڑ گئی, لڑکی کا 90 فیصد جسم جھلس گیا تھا
لاہور:شادی سے انکار جواں سال عاصمہ کے لئے موت کا پیغام بن گیا۔ سیالکوٹ کی رہائشی لڑکی پر ملزم نے تیزاب پھینک دیا تھا، بری طرح جھلسنے پر جانبر نہ ہو سکی اور سسک سسک کر دم توڑ گئی ۔ پولیس کے مطابق سیالکوٹ تھانہ سول لائن کے علاقہ پاکپورہ میں تیزاب گردی کی واردات غریب گھریلو ملازمہ کی جان لے گئی۔ 5 روز قبل ملزم رضوان لطیف نے مقتولہ پر تیزاب پھینکاتھا، ملزم عاصمہ سے کام پر جاتے ہوئے اکثر چھیڑ خانی بھی کرتا تھا، جس دوران رضوان نے شادی کا بھی کہا، عاصمہ کے انکار پر ملزم طیش میں آ گیا اور مقتولہ پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گیا۔تیزاب گردی کا شکار 25 سالہ گھریلو ملازمہ کا 90 فیصد جسم جھلس گیا تھا جس پر اسے لاہور ریفر کر دیا گیا۔ 5 روز موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد عاصمہ میو ہسپتال میں سسک سسک کر دم توڑ گئی۔ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور پولیس کے مطابق ملزم نے پٹرول پھینک کے آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے۔