بھارت کے خلاف جیت کا مزہ سب سے جدا ہے: انعام بٹ
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پہلوان انعام بٹ کا کہنا ہے کہ پہلوانوں نے نہ ماضی میں مایوس کیا نہ مستقبل میں کریں گے۔ کامن ویلتھ گیمز سے پہلے مشکلات اس قدر تھیں کہ یہ خیال آیا کہ ان مقابلوں کی تیاری نہ کروں اور دستبردار ہو جاوں لیکن مخالف پہلوانوں کے ساتھ ساتھ حالات کا مقابلہ کرنیکا بھی فیصلہ کیا۔کامن ویلتھ کا گولڈ میڈل پوری قوم کا میڈل ہے۔ اس کامیابی میں ان پہلوانوں کا بھی حصہ ہے جو ٹریننگ میں ہمارے ساتھ رہے لیکن ٹیم میں منتخب نہ ہو سکے۔ ہمارے لیے دعائیں کرنیوالے سب پاکستانی اس کامیابی میں حصہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت کا مزہ سب سے جدا ہے روایتی حریف کے خلاف فائٹ کرتے ہوئے جذبات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے برانز میڈل حاصل کرنے والے پہلوان طیب رضا کا کہنا تھا کہ میڈل قوم کے نام کرتا ہوں میرے والدین نے بہت تعاون کیا ہے۔ پہلوان محمد بلال کا کہنا تھا کہ کچھ غلطیاں ہوئیں جس وجہ سے گولڈ میڈل حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ آئندہ بہتر کھیل سے ملک کا نام روشن کرونگا۔ فزیکل کوچ غلام فرید کا کہنا تھا کہ اپنی ٹیم کی کامیابی سے خوش ہوں ہم نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کو ہدف بنایا تھا اسکے حصول میں کامیاب رہے ہیں۔