نیشنل سپورٹس سٹی نارووال کا افتتاح صدر ممنون حسین 29 اپریل کو کریں گے
اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے انفراسٹرکچر بہت ضروری یے، ملک بھر میں 100 نئے اسٹیڈیم تعمیر کئے جائیں گے اور نیشنل سپورٹس سٹی نارووال کا افتتاح صدر مملکت ممنون حسین آئندہ اتوار 29 اپریل کو کریں گے، اس موقع پر کرکٹ کا نمائشی میچ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیشنل سپورٹس سٹی نارووال میں راولپنڈی اسلام آباد سے آئے ہوئے سپورٹس جرنلسٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد، ایگزیکٹو انجینئر ایاز اکبر اور میڈیا ڈائریکٹر محمد اعظم ڈار بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ نیشنل اسپورٹس سٹی نارووال کا منصوبہ 2009 ء میں شروع کیاتھا، لیکن اس منصوبے کے لیے پیپلزپارٹی حکومت نے فنڈز جاری نہیں کیے، 18 ویں ترمیم کے بعد وزرات کھیل صوبوں کے پاس چلی گئی 2013 میں ہماری حکومت نے آ کر نیشنل اسپورٹس سٹی نارووال کا کام دوبارہ شروع کیا اس منصوبے پر دو ارب روپے کی رقم خرچ ہوچکی ہے اور ایک ارب روپے مزید خرچ ہونگے، اور یہ منصوبہ اسی سال 2018ء میں مکمل ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ نیشنل اسپورٹس سٹی میں کرکٹ، فٹ بال، ہاکی،ٹینس، سکواش، اتھلیٹکس ٹریک، سوئمنگ پول، جم اور جمنازیم (انڈور کھیلوں کے مقابلوں) کے علاوہ کھلاڑیوں کی رہائش کے لئے تین ہوسٹل اور ایک انتظامیہ بلاک بھی تعمیر کئے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، پشاور، کراچی، لاہور اور کوئٹہ کے بعد نیشنل اسپورٹس سٹی میں سب سے زیادہ سہولیات موجود ہیں۔آخر پر وفاقی وزیر داخلہ نے سپورٹس جرنلسٹس کے ہمراہ نیشنل اسپورٹس سٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔