پاکستان سٹریٹ فٹبال ٹیم کی فیصل صالح حیات کے ساتھ ملاقات
لاہور(سپورٹس رپورٹر) اگلے ماہ ماسکو میں منعقد ہونے والے سٹریٹ فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان سٹریٹ فٹبال ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فیفا فٹبال ہاوس لاہور میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ ملک میں فٹبال کی گراس روٹ سے ترقی کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ اگلے تین سالوں میں پاکستان نے تین بین الاقوامی ٹورنامنٹس کھیلنے کے ساتھ ساتھ میزبانی بھی کرنی ہے جس کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ 10 سے 18 مئی تک ماسکو میں کھیلا جائیگا۔ سٹریٹ فٹبال ریگولر ساکر کا حصہ نہیں مگر سٹریٹ فٹبالرز عالمی سطح پر سامنے آسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برازیلین سٹار نیمار جونیئر بھی سٹریٹ فٹبالر تھا، اسے آئیڈیل بنائیں۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن سٹریٹ فٹبالرز کو انڈر 16 پروگرام کا حصہ بنائیں گے۔ نڈر 16 کے بعد بھی سٹریٹ فٹبالرز کو ریگولر فٹبال کی طرف سے لانے کیلئے کوچنگ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اولین ترجیح ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہے۔ تمام اضلاع کو لیگز شروع کروانے کا پابند کر دیا ہے جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنا شروع ہو جائے گا۔ اس سال پریمئیر لیگ کے انعقاد سے بھی نوجوان کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ اس موقع پر مسلم ہینڈز معروف رفاحی تنظیم کے کنٹری ہیڈ پاکستان سید ضیاء النور نے پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات کو پاکستان میں فٹ بال کی بحالی کی مبارکباد دی اور کہا کہ مسلم ہینڈز پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے ملک بھر میں اپنی مدد آپ کے تحت کام کر رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں موجود فٹ بال ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے اور باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیئے جائیں۔