جھوٹ، کھوکھلے نعر وں کی سیاست کرنیوالوں کا مستقبل تاریک ہے: جہانگیر ترین
لودھراں(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے گزشتہ روز حلقہ میں مصروف دن گزارا۔جہانگیر ترین نے اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ سجادہ نشین دربار گولڑہ شریف پیر سید معین الحق گیلانی جو کہ جہانگیر خان ترین کی دعوت پر لودھراں میں موجود ہیں ،عقیدت مندوں اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان سے بھی ملاقات کی ۔علی ترین فارم پر پیر سید معین الحق گیلانی سے ملاقات کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا،جہانگیر ترین نے لودھراں آمد پر سید معین الحق گیلانی کا شکریہ اد اکیا۔جہانگیر خان ترین نے گزشتہ روز پی ٹی آئی پبلک سیکرٹریٹ لودھراں میں تحریک انصاف کے کونسلرز اور بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سید حسن محمو د شاہ اور پی ٹی آئی اسلام آباد کے رہنما علی بخاری بھی ہمراہ تھے۔ بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ہم نے سیاست کو عوام کی خدمت کا ذریعہ بنایا ہے۔ آنے والے انتخابات میں عوامی خدمت کرنے والوں کی جیت ہوگی ۔کارکن جنرل الیکشن کی بھرپور تیاری کریں ۔جھوٹ اور کھوکھلے نعروں پر مبنی سیاست کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہے ۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں تبدیلی کی بنیاد رکھی ہے۔جہانگیر خان ترین نے آدم واہن میں محمد سجاد ممبر کے والد کی نماز جنازہ جبکہ محمد تنویر کے داد ا کی قل خوانی میں شرکت کی۔ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کارکن رائو جمشید کی والد ہ کی وفات،ملک شبیر کے سسرکی وفات،وومن ونگ کی تحصیل صدر ثریا سیال کی ہمشیرہ کی وفات پر لواحقین سے تعزیت وفاتحہ خوانی کی ۔جہانگیر ترین نے یونین کونسل سراج والا میں منشی محمد اسلم کے صاحبزادے آفتا ب حسین کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔علاوہ ازیںپی ٹی آئی لودھراں کے رہنمائوں اور پارٹی عہدیدارن نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی او ر ضلع کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاجبکہ ملتان،بہاولپور،مظفر گڑھ ،رحیم یا رخان سمیت جنوبی پنجاب بھر سے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے بھی جہانگیر خان ترین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔