مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)انجمن طلباء اسلام اور متحدہ طلباء محاذ کے مرکزی صدر نعمان الجبار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ پوری وادی کشمیر جیل خانہ بن چکی ہے۔ بھارت ریاستی طاقت کے ذریعے زیادہ دیر کشمیر پر اپنا قبضہ قائم نہیں رکھ سکے گا۔ امریکہ جان لے کہ پاکستان کمزور ملک نہیں ایٹمی قوت ہے۔ امریکی کی اسلام دشمنی کی مزاحمت کے لئے صلاح الدین ایوبی اور نورالدین زنگی جیسے حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ ٹرمپ امریکہ کے لئے گورباچوف ثابت ہو گا۔ پوری قوم جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لئے پاک فوج کے ساتھ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ٹی آئی پنجاب کے سٹوڈنٹ سیکریڑیٹ ایوان خیر پہنچنے پر کارکنان اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نعمان جبار نے کہا پاک سر زمین پر سیکولر ازم کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔ اہل حق فارن فنڈڈ این جی اوز کے لبرل ایجنڈے کا راستہ روکیں گے۔ پاکستان دشمن قوتیں قوم کو تقسیم کر کے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے سرگرم ہیں۔ دینی قوتوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کی سازشیں بند کی جائیں۔ نظریاتی طبقے کی کمزوری سے پاکستان کمزور ہو گا۔لسانی، علاقائی، صوبائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو ہوا دینا ملک دشمنی ہے۔ پاکستان کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی سالمیت ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ پاک وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان جیسے عطیہ خداوندی کی قدر کرنا ہو گی۔