شام کے شہر رقّہ میں 150 سے 200 لاشوں کی اجتماعی قبر کا انکشاف
قامشلی(این این آئی)شام میں داعش تنظیم کے سابقہ گڑھ رقّہ شہر میں ایک اجتماعی قبر کا انکشاف ہوا ہے جس کے اندر شدت پسندوں اور شہریوں کی درجنوں لاشیں ملی ہیں۔اکتوبر 2017ء میں عرب اور کرد گروپوں پر مشتمل سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے واشنگٹن کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کی معاونت سے کئی ماہ کی معرکہ آرائی کے بعد رقّہ سے داعش تنظیم کو باہر نکال دیا تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق رقّہ شہر کی شہری کونسل میں تعمیرِ نو کمیٹی کے سربراہ عبداللہ العریان نے بتایا کہ ابھی تک اجتماعی قبر سے 50 لاشوں کو نکالا جا چکا ہے، قبر میں شہریوں اور شدت پسندوں کی 150 سے 200 کے درمیان لاشیں موجود ہیں۔یہ اجتماعی قبر ایک ہسپتال کے نزدیک فٹبال گراؤنڈ کے نیچے واقع ہے۔