عمران خان کے کل دورہ لاہور کی تیاریاں فائنل‘ کارکن 5مقامات پر استقبال کر ینگے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 24اپریل بروز منگل اندرون شہر لاہور کے دورے کو حتمی شکل دے دی گئی اور طے شدہ پروگرام کے مطابق 5مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان کا بھرپور استقبال کریں گے جن میں بھاٹی گیٹ، شاہ عالم گیٹ، موچی دروازہ، دہلی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ شامل ہیں، پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر و ایم پی اے شعیب صدیقی نے اندرون شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پارٹی کارکنوں کو وارم اپ کال دیتے ہوئے کہا کہ وہ نئی عزم اور ولولے کے ساتھ اپنی تیاریاں جاری رکھیں اور 29اپریل کے جلسے کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے شاندار استقبال کیلئے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے جس کیلئے جگہوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، شعیب صدیقی نے بتایا کہ عمران خان 5مقامات کا دورہ کرنے کے علاوہ داتا دربار حاضری بھی دیں گے اور ان کے اندرون شہر کے دورے کا اصل مقصد 29اپریل کے جلسے کی کامیابی کیلئے پارٹی رہنماؤں و کارکنوں سے ملاقات کرنا ہے۔ دریں اثناء صدر وسطی پنجاب عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا اور عمران خان کے مینار پاکستان کے جلسے کے حوالے سے انتظامی، سکیورٹی و دیگر امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔