سراج الحق تنقید کیساتھ اقتدار سے چمٹے، حیران ہوں حکومت کیوں نہیں چھوڑی: فواد چودھری
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے حیران ہوں، سینیٹر سراج الحق کے بیان پر ابھی تک جماعت اسلامی نے خیبر پی کے میں حکومت کیوں نہیں چھوڑی جماعت اسلامی کی سیاست بھی عجیب ہے یزید سے بھی مراسم حسین کو بھی سلام کے مصداق جماعت اسلامی کی سیاست ہے۔ سنٹرل میڈیا سے جاری بیان میں انہوں نے کہا جماعت اسلامی پانامہ کیس میں نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ گئی وہی جماعت اسلامی سینٹ میں نواز شریف کی حلیف بن گئی حکومت سے اتنی محبت ہے سراج الحق تحریک انصاف کی حکومت چھوڑنے کو بھی تیار نہیں انہوں نے کہا سراج الحق ایک طرف پی ٹی آئی پر بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں مگر اس کی حکومت سے بھی چمٹے ہیں۔ دریں اثناء ترجمان تحریک انصاف نے عدالتی مارشل لاء کے حوالے سے چیف جسٹس کے بیان کا بھی خیر مقدم کیا ہے فواد چوہدری نے کہا چیف جسٹس کا یہ کہنا ملک میں کسی عدالتی مارشل لاء کی گنجائش نہیں خوش آئند ہے آئین کی بالادستی کا آئینہ دار ہے آئینی اداروں کے سربراہان کا آئین و جمہوریت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار خوش آئند ہے۔ تحریک انصاف تسلسل سے قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ کرتی آئی ہے تحریک انصاف کا مطالبہ نظرانداز کرتے ہوئے ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کیا گیا فوری طور پر عام انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔