عطائیوں کیخلاف کئی شہروں میں آپریشن جاری‘ پنسار سٹور‘ کلینک اور لیبارٹری سیل
لاہور (نامہ نگاروں سے) ڈی سی گجرات کے حکم پر سی ای او ہیلتھ کی ہدایت پر محکمہ صحت کی ٹیموں کا عطائیوں کیخلاف ایکشن، بااثر عطائیوں جن میں ڈاکٹر شاہد آف ملہو کھوکھر، ڈاکٹر فریاد شاہ دیونہ منڈی، ڈاکٹر منور سلطان سرگودھا روڈ، فضل ہسپتال سرگودھا روڈ و دیگر شامل ہیں کے کلینک سیل کر دئیے گئے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد غوری نے گفتگو کرتے کہا کہ کسی عطائی کو لوگوں کی زندگیوں سے نہیں کھیلنے دیا جائیگا‘ بغیر لائسنس اور غیرمعیاری ادویات فروخت کرنیوالے افراد کیخلاف کارروائیوں کا لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔ حویلی لکھا میں سپیشل برانچ سمیت دیگر حساس اداروں کی نشاندہی پہ ڈپٹی ڈی ایچ او رائے نیاز احمد کی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ہمراہ عطائیوں کے خلاف بھرپور کارروائی، پنسار سٹور، لیبارٹری اور کلینک مختلف وجوہات پر سربمہر کر دیئے گئے۔ رائے نیاز احمد نے کارروائی کے دوران پریس کلب حویلی لکھا (متین آسی گروپ) سے گفتگو کرتے بتایا کہ وہ ہر صورت عطائیوں کے خلاف بھرپور انداز میں آپریشن کا سلسلہ جاری رکھیںگے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اقبال حسین وٹو ٹیم کے ہمراہ عطائیوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران ننکانہ سٹی، موڑ کھنڈا، سانگلہ ہل، شاہکوٹ، بچیکی، بڑا گھر، سید والا اور ضلع بھر میں پچاس عطائی ڈٖاکٹروں کے کلینک سیل کر دیئے‘ متعدد کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی ان کے چالان کر کے ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور بھیج دیئے گئے۔ بھوئے آصل میں پانچ عطائی ڈاکٹروں کے کلینک سیل۔ ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر فراز رشید و ڈرگ انسپکٹر رمیز احمد خان نے نواحی گائوں ھندال، روسہ، مدکے و دیگر علاقوں میں آپریشن کرتے محمد رفیق، رائو ظفر، محمد عثمان، حاجی شیر علی، ارشد انجم نامی عطائی ڈاکٹروں کے کلینک سیل کردئیے آپریشن سے تحصیل بھر کے عطائی ڈاکٹروں کے کلینک بند رہے اس موقع پر اُنہوں نے صحافیوں بات چیت کرتے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔