سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے باوجود کراچی میں لوڈ شیڈنگ مزید بڑھ گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیپرا کی جانب سے نوٹس لینے اور سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے باوجود کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مستثنیٰ علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 8 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں 14 گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ کے الیکٹرک گیس کی کمی جواز بنا کر شہر میں اندھا دھند لوڈشیڈنگ کر رہی ہے جس کے نتیجے میں شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ فیڈر ٹرپنگ اور فنی خرابی کے نام پر بھی گھنٹوں بجلی بند کی جا رہی ہے۔ کے الیکٹرک کے خلاف سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے بعد لوڈشیڈنگ میں مزید شدت آ گئی ہے۔ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں گلشن اقبال‘ نارتھ ناظم آباد‘ گلستان جوہر‘ پی ای سی ایچ سوسائٹی‘ محمد عملی سوسائٹی‘ ایف بی ایریا سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ جن علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے ان میں اورنگی ٹاؤن‘ کورنگی‘ لانڈھی‘ کیماڑی‘ احسن آباد‘ گلشن معمار‘ سرجانی ٹاؤن‘ بلدیہ ٹاؤن‘ کیماڑی‘ مواچھ گوٹھ اور مشرف کالونی سمیت مختلف علاقے شامل ہیں۔