عام انتخابات کی خامیاں دور کرنے کیلئے انتخابی عملے کی تربیت شر و ع
اسلام آباد (قاضی بلال) الیکشن کمیشن نے 2013ء میں عام انتخابات کی خامیوںکو دور کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر انتخابی عملے کی تربیت کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔ کروڑوں روپے تربیت دینے والوں اور لینے والے دونوں کو دیئے جائیں گے تاکہ بہترنتائج حاصل کئے جا سکیں۔ پچھلے سال فارم پر کرنے میں غلطیوں کے تدارک کیلئے بھی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق آج پیر سے پہلے مرحلے میں ملک بھر میں چھ لاکھ انتخابی عملے کی تربیت کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید تین لاکھ عملے کو تربیت دی جائے گی۔اس طرح مجموعی طور پر 9 لاکھ افراد کو تربیت دی جائیگی۔ تربیت کا یہ عمل 10 مئی تک جاری رہے گا۔ تربیت حاصل کرنے والوں کو ایک ہزار معاوضہ بھی دیا جائیگا۔ اس بار محکمہ تعلیم کے ساتھ ساتھ واپڈا ٗ پاکستان پوسٹ ٗ کالجز ٗ زراعت اور ہیلتھ کے شعبوںسے افرادی قوت لی جائیگی۔ الیکشن کمیشن نے اس سے پہلے تین ہزار افراد کو تربیت دی گئی ہیں۔ یہ سلسلہ 20 روز تک جاری رہا ہے اور ان کو ماسٹر ٹرینر کاعہدہ دیا گیا ہے۔ اب یہ ماسٹر ٹرینر جن کی تعداد تین ہزار ہے یہ آگے دوسرے افراد کو تربیت دیں گے تربیت کا یہ پروگرام ضلعی اور تحصیل سطح پر کیا جا رہا ہے ماسٹر ٹرینر کو دس ہزار روپے فی کس اجرت بھی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ویڈیوز کی مدد سے بھی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ بار بار ویڈیو دیکھ کر فارم پر کرنے کی مشق حاصل کرسکیں ۔ اس کے علاوہ پرائیذیڈنگ آفیسر اور سینئر پرائیذیڈنگ آفیسر کی تربیت کاپروگرام بھی پچیس جون سے شروع کرنے جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے نئی مجوزہ حلقہ بندیوں پر 45 اضلاع کے 556 اعتراضات نمٹا دیئے جبکہ لاہور ، ملتان اور ساہیوال سمیت 8 اضلاع کے 218 اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ 55 اضلاع کے 420 اعتراضات 2 مئی تک سنے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن میں نئی مجوزہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹائے جانے کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک 54 اضلاع کے اعتراضات سنے جا چکے ہیں۔