سکیورٹی واپس‘ حکم میں نرمی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سکیورٹی واپس لینے کے حکم میں نرمی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ بلوچستان کے حالات ایسے نہیں کہ سب سے سکیورٹی واپس لے لیں صوبے میں خطرات موجود ہیں امید ہے چیف جسٹس بلوچستان میں سکیورٹی واپس لینے کا نہیں کہیں گے جب سے ہم نے اقتدار سنبھالا 15سے 20خودکش بمبار پکڑے۔ ٹارگٹ کلرز کے دو گروپ کو حراست میں لیا گیا چمن سرحد کو محفوظ بنانے کیلئے سرحد پر باڑ لگا رہے ہیں‘ دہشت گرد دنیا میں بلوچستان کا تشخص خراب کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے اعلان کردہ پیسے بلوچستان کو نہیں ملے۔ وفاق سے ہمارا حصہ ابھی تک نہیں ملا۔ وزیراعظم کو 5ارب دینے کیلئے بارہا یاد دہانی کرائی۔ امید ہے وزیراعظم دوسرے صوبوں کی طرح بلوچستان کا بھی خیال کریں گے۔ ڈاکٹرز اپنی ذمے داریاں نبھائیں ان کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔ ڈاکٹرز مراعات کیلئے ہڑتال کرتے ہیں لیکن کام نہیں کرتے۔