شہباز شریف کراچی والوں کو لالی پاپ سے بہلا نہیں سکتے: فاروق ستار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی اور پی ایس پی کے بعد ایم کیو ایم بھی کے الیکٹرک کے خلاف میدان میں آ گئی۔ فاروق ستار کی قیادت میں لوڈشیڈنگ کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ فاروق ستار نے مظاہرین سے خطاب کرتے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو بجلی ملنی چاہئے۔ فاروق ستار نے 72 گھنٹے میں بجلی کا مسئلہ حل نہ ہونے پر کے الیکٹرک کے دفتر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیرائو کی دھمکی دے دی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا احتجاج کے الیکٹرک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور حکمرانوں کی کراچی دشمنی کے خلاف ہے، شہباز شریف صاحب آپ کیا سمجھتے ہیں کہ کراچی والے لالی پاپ سے بہل جائیں گے؟ کراچی والے لالی پاپ سے بہلنے والے نہیں ہیں، کراچی کو کربلا بنانا بند کیا جائے۔ فاروق ستار نے کہا کہ کب تک ہم عوام کو صبر کی تلقین کریں گے، اگر فرنس آئل سے بجلی پیدا نہیں ہوسکتی تو گیس سے پیدا کریں، گیس کا بحران تھا تو گیس کے پلانٹس کیوں لگائے کہ انہیں اب بند کرنا پڑ رہا ہے۔ فاروق ستار نے ایم کیو ایم بہادر آباد کے ساتھ اتحاد کی نئی پیشکش کر دی۔ ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ آج ثالثی کی ایک کوشش کر رہا ہوں، تمام ساتھیوں کے مشورے اور رائے سے ایک فیصلہ کیا ہے جس دو تہائی اکثریت نے مجھے ہٹایا ان کے ساتھ بھی کام کرنے کو تیار ہوں۔ بہادر آباد رابطہ کمیٹی کو تحلیل کرنے پر اصرار نہیں کرتا اور اس مطالبے سے دستبردار ہوتا ہوں۔ بہادر آباد والوں کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہوں۔ اب کھل کر کہیں کہ وہ مجھے سربراہ مان کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ واحد شرط ہے کہ بہادر آباد والے میرے اور عامر خان میں سے کسی ایک کا انتخاب کر لیں۔ ایم کیو ایم میں یا تو میں رہوں گا یا عامر خان رہیں گے۔ اب فیصلہ بہادر آباد والے کریں کس کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ جو بھی فیصلہ کرتا تھا عامر خان کی رائے مختلف ہوتی تھی۔