خصوصی افراد کی بحالی کیلئے مخیر حضرات‘ تنظیمیں حکومت کا ساتھ دیں: گورنر
لاہور(اے این این )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی بحالی اور اُن کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیوں کو حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کی بجائے اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکیں۔ حکومت نے خصوصی افراد کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ 2فیصد سے بڑھا کر 3فیصد کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ڈاکٹر خالد جمیل کی سربراہی میں خصوصی افراد کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد قابلیت اور صلاحیت کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ۔ انہوں نے ڈاکٹر خالد جمیل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید حصہ بنانے میں بہت اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کم لوگ پائے جاتے ہیں جو دوسروں کے دُکھ دَرد کو اپنا سمجھیں اور اُن کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیںاور آپ کی خدمات نوجوان ڈاکٹروں کے لئے مشعل راہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے 3 فیصد کوٹہ کے تحت 4848خصوصی افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں۔