صوبائی نگران حکومت پر مشاورت، محمودالرشید نے اپوزیشن پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس طلب کر لیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پنجاب میں بھی نگران حکومت کے قیام پر مشاورت شروع، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کل اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس طلب کر لیا۔ ترجمان قائد حزب اختلاف کے مطابق کل پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں پارلیمانی پارٹیز کا اجلاس ہوگا، پارلیمانی جماعتوں سے قبل تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر مشاورت کی جائیگی، اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی، ق لیگ ، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ز شرکت کرینگے، اپوزیشن کے متفقہ نام قائد حزب اختلاف وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کریںگے۔ دریں اثنا ء اپنے بیان میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی دیگر پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نگران وزیراعلیٰ کا نام تجویز کرینگے، ماضی میں حکومت اور اپوزیشن مک مکا کر کے نگران حکومت کا قیام عمل میں لاتے رہے ہیں تاہم اب ایسا نہیں ہوگا، ملک میں شفاف انتخابات کیلئے تحریک انصاف موثر کردار ادا کرے گی۔