فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، جعلی بوتلیں تیار کرنیوالی فیکٹری ختم کر دی
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کاروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی فیکٹری جڑ سے اکھاڑ دی۔6500 سٹنگ، 3 ہزار تیار پیپسی جبکہ10 ہزاربوتلوں کا خام مال برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے بتایاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کاروائی کرتے ہوئے راوی کنارے سنسان علاقے میں معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی فیکٹری جڑ سے اکھاڑ دی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کے لیے تیار 6500 سٹنگ، 3 ہزار پیپسی جبکہ10 ہزاربوتلوں کا خام مال برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ فیکٹری کا تمام سامان اکھاڑ کر ضبط کرتے ہوئے مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔ مشروبات کے نام پر عوام کو مضر صحت کیمیکل پلانے والی فیکٹری کا پتہ ویجیلنس ونگ نے2 ہفتے تک ریکی کر کے لگایا۔ دریں اثناء عوام تک صحت مند خوراک کی یقینی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈی جی فوڈاتھارٹی کی سر براہی میںشہر بھر کے مختلف اتوار بازاروں کی چیکنگ کی۔ اتوار بازاروں کی چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں ملاوٹ زدہ اورمضر صحت اشیاء تلف کر دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سر براہی میںفوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے مختلف علاقوںٹائون شپ ، وحدت کالونی اورشاد مان کے اتوار بازاروں کا دورہ کیا۔ مختلف سٹالز کی چیکنگ کے دوران2من رنگ کی گئی دالیں،210کلو گلے سڑے پھل اور170پیکٹ رنگین پاپڑ اور سلانٹی تلف کیے گئے۔