بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت بھارتی صدر نے آرڈیننس پر دستخط کر دئیے
نئی دلی(اے این این ) بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے 12 سال سے کم عمر بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت دینے کے آرڈیننس پر دستخط کردیے جس کے بعد یہ قانون کی حیثیت اختیار کرگیا۔بھارتی کابینہ نے گزشتہ روز 12 سال سے کم عمر بچوں یا بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو سزائے موت دینے سے متعلق آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔ بھارتی کابینہ کی جانب سے اس قانون کو 'کرمنل لا آرڈیننس 2018' کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت نئی عدالتیں قائم کی جائیں گی جو بچوں سے زیادتی کے کیسز پر جلد فیصلے سنائیں گی۔