ایمنسٹی سکیم میں ملکی مفاد کیخلاف کوئی شق نہیں:سلیم احسن
لاہور(خبر نگار) ایمنسٹی سکیم2018میں ملکی مفاد کے خلاف کوئی شق نہیں اور نہ ہی فائدہ اٹھانے والے افراد کو اس کا کوئی نقصان ہو گاچاہے آنیوالی حکومت اس میں تبدیلیاں بھی کردے۔ یہ ہر طرح سے محفوظ ٹیکس ایمنسٹی سکیم ہے جس سے پاکستان اور فائدہ اٹھانے والے افراد دونوں کو ہی فائدہ پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار ٹیک سوسائٹی کلب میں ٹیکس ایمنسٹی سکیم 2018 کے موضوع پر ہونیوالے سیمینار کے دوران مقررین نے کیا جن میں سید سلیم احسن، مشتاق اور ڈاکٹر صادق شامل تھے۔ سلیم احسن نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ سکیم چار آرڈیننس کے ذریعے متعارف کروائی گئی ہے جن میں فارن ایسٹس آرڈیننس، والنٹری ڈیکلریشن آف ڈومیسٹک ایسٹس آرڈیننس، پروٹیکشن آف اکنامک ریفارمز آرڈیننس اور انکم ٹیکس آرڈیننس (ترمیم) 2018 شامل ہیں۔ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے پبلک آفس ہولڈرز جیسا کہ صدر، وزیراعظم، وزراء اعلیٰ، گورنرز، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی، وفاقی و صوبائی وزرائ، چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ، مئیر اور ڈپٹی میئرز اور دیگر سرکاری عہدیدار فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ ٹیکس دہندہ کی معلومات کو بالکل خفیہ رکھا جائے گا۔ اس سکیم سے دس اپریل تا 30 جون 2018 کے دوران فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔