حضور نبی کریمؐ نے گمراہی‘ شر ک اور بدعات کا خاتمہ کیا: میاں جمیل
لاہور (خصوصی رپورٹر) محبت رسولؐ ہی عین ایمان ہے۔ اطاعت مصطفیٰؐ کے بغیر کسی عمل کی کوئی اہمیت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید المرسلؐ کی ہستی انسانیت کیلئے مینارہ نور ہے۔ آپؐ کی سیرت طیبہ پر عمل کر کے انسانیت کو گمراہی سے نکالا جا سکتا ہے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ حضور نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ پر عمل کے باعث صدیوں سے پھیلی گمراہی‘ شر ک و بدعات کا خاتمہ ہوا۔ بیت اللہ بتوں سے پاک ہوا۔ حضور نبی کریمؐ کے باعث معاشرے میں اخوت کی فضا قائم ہوئی۔ میاں محمد جمیل نے مزید کہا کہ آپؐ نے وحی الٰہی کی روشنی میں اولاد آدم کے قلوب کا تزکیہ کیا‘ انسانوں کے ذہنوں کی تطہیر کی اور پاکیزہ افراد سے شرک و بدعات سے پاک صالح معاشرہ وجود میں آیا اور اطاعت مصطفیٰؐ سے روگردانی اور قرآن و حدیث کی تعلیمات سے دوری کے باعث انسانیت بھٹکی ہوئی ہے جس کو راہ راست پر لانے کیلئے ضروری ہے کہ پیغام سیرت طیبہ اور قرآن و حدیث کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اور صرف عقیدہ توحید و رسالت میں ہے اور مکمل رہنمائی صرف قرآن و حدیث میں ہے۔