قیامت کی یاد انسان کو خوداحتسابی کی طرف متوجہ کرتی ہے:ریاض نجفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ قرآنی تعلیمات انسان کو اصلاح او ر توبہ کی طرف متوجہ کرتی ہیںجبکہ شیطان توبہ کے عمل کو تاخیر میں ڈالنا چاہتا ہے۔انسان کو چاہیے کہ گناہ کے بعدفوری طور پر توبہ کرے اگر اس میں تاخیر کرے گا تو ہو سکتا ہے توبہ کا موقعہ ہی نہ مل سکے۔جامعتہ المنتظر میں درس قرآن دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سورہ مبارکہ قیامت میںروزِ جزا و سزا یعنی قیامت کا ذکر ہے۔ روزقیامت کا ذکر قرآ ن مجید میں 100 سے زیادہ مقامات پر وارد ہوا ہے۔قیامت کی یاد انسان کو خود احتسابی کی طرف متوجہ کرتی ہے ۔اس لیے قرآن مجید میں بارہا غور و فکر کی دعوت دی گئی ہے۔حدیث ہے کہ ایک ساعت کی فکر ایک سال کی عبادت سے بہتر ہے۔ساعت ایک لمحہ کو بھی کہا جاتا ہے، منٹ کو بھی اور گھنٹہ کو بھی ساعت کہا جاتاہے۔ان کا کہنا تھا کہ قرآن مجید میں واضح ثبوت موجود ہے کہ اس کی ترتیب اور حتمی شکل پیغمبر اکرمؐ نے اپنی حیات مبارکہ میں خود طے کر دی تھی۔