نوازشریف ڈیل کرکے سعودی عرب گئے‘ قوم سے جھوٹ بولتے رہے: چودھری منور انجم
لاہور (خبر نگار) پیپلزپارٹی فیڈرل کونسل کے رکن چودھری منور انجم نے نواز شریف کی لندن میں میڈیا ٹاک پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف سچ بولنا سیکھیں۔ ان کا کوئی اعتبار نہیں رہا۔ انہوں نے اے آرڈی کے ساتھ دھوکہ کیا تھا اور چوری چھپے مال و دولت ،خاندان اور خادمین کے ساتھ ملک چھوڑ کر بھاگ گئے اور قوم سے یہ جھوٹ بولتے رہے کہ انہوں نے کوئی ڈیل نہیں کی۔ پھر اعتراف کیا کہ دس سال کے لئے نہیں پانچ سال کے لئے ڈیل کی ہے حالانکہ یہ ڈیل 10 سال کی تھی۔ میاں نواز شریف صاحب نے یہ بات مجھے 2004ء مارچ میں اپنے والد مرحوم کی موجودگی میں جدہ کے محل جہاں ان کی رہائش تھی وہاں بتائی تھی اور اس کا اعتراف پہلی بار میرے سامنے کیا تھا۔ اور یہ بھی کہا تھا کہ میں پاکستان نہیں جا سکتا کیونکہ میں شاہ عبداللہ کو ناراض نہیں کر سکتا۔