انتہا پسندی، دہشتگردی کیخلاف امت کو متحد ہونے کی ضرورت ہے:طاہراشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس آج لاہور میں ہو گی، کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف اسلامی ممالک کے مندوبین لاہور پہنچ گئے ، کانفرنس میں مختلف اسلامی ممالک کے سفراء اور ملک بھر سے 5000 سے زائد علماء و مشائخ شریک ہوں گے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہی، حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مسلم امہ کو متحدہ ہو کر جدوجہد کرنی ہے ، انتہاء پسندی اور دہشت گرد تنظیموں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مسلم علماء اور مفکرین کو متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہے ، پاکستان علماء کونسل کے تحت ہونے والی تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس انتہاء پسندی ، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد اور اسلامی ممالک میں بیرونی مداخلتوں کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل سامنے لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بارہ سے زائد اسلامی ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے ، کانفرنس میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین اور مسلم اور عرب ممالک کے درمیان پاکستان کے تعلقات کے استحکام کیلئے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔ کانفرنس کی دوسری نشست کی صدارت سعودی عرب کے مذہبی امور کے سیکرٹری کریں گے۔