رمضان سے قبل مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے:اشرف بھٹی
لاہور(خبر نگار) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر اشرف بھٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان سے قبل ہی جن لوگوں نے مہنگائی کا بازار گرم کردیا ہے ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ مہنگائی مافیا نے ابھی سے پرَ پرزے نکالنے شروع کر دیئے ہیں اور عوام کو لوٹنا شروع کردیا ہے حالانکہ بے چارے عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ریلیف دینے کی بجائے چیزوں کو ہی سستا کیا جائے جیسا کہ دنیا بھر میں مذہبی تہواروں کے موقع پر کیا جاتا ہے۔ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں جنہیں بدعنوان سرکاری اہلکاروں کی پشت پناہی بھی حاصل ہوتی ہے جس پر قابو پانے میں پنجاب حکومت بُری طرح ناکام ہو گئی ہے۔