ڈاکٹروں کاسیکریٹری صحت کے دفترکے باہر احتجاج کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ڈاکٹرز اتحاد کی جانب سے لیاری جنرل اسپتال اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے نومنتخب عہدیداران کیلئے استقبالیہ تقریب اور اجلاس کاانعقادمقامی ہوٹل میںکیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت صدرسندھ ڈاکٹرزاتحاد ڈاکٹر محمد علی تھلہونے کی۔اجلاس میںجے پی ایم سی،این آئی سی وی ڈی،ایم این سی ایچ،ایس بی بی وائی پی، سول ٹراماسینٹرسمیت تمام اداروں میں کام کرنے والے کنٹریکٹ ڈاکٹروں کوفوری مستقل کرنے کا بل جلد از جلد اسمبلی میں پیش، بجٹ میں ڈاکٹرز کی تنخواہوں اور دیگر الاو¿نسز کو بڑھانے کی منظوری، ٹائم اسکیل پروموش دے کر ڈاکٹرز کی سینارٹی کو تسلیم کیا جائے اور NICVD سے برطرف کئے گئے ڈاکٹرز کو فوری طور پر بحال کرکے مستقل کرنے کی قراردادیں منظورکی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالتی حکم پر قائم کی جانے والی کمیٹی کی 24اپریل کو ہونے والی میٹنگ میں ڈاکٹرز کے تمام مسائل حل نہ کرنے اور NICVD کے ڈاکٹرز کو فوری بحال نہ کرنے کی صورت میں سیکریٹری صحت کے باہر دھرنے دیاجائے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرسندھ ڈاکٹرزاتحاد ڈاکٹر محمد علی تھلہو نے کہا کہ سیکریٹری صحت اور دیگر عملے کے ڈاکٹرز کے ساتھ عدم تعاون کے رویئے ، نوٹیفکیشنزکے اجراءمیں تاخیر اور رشوت کے خلاف تمام تر ثبوتوں کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس سے ڈاکٹر کمال انصاری، ڈاکٹر عدیل سموں، ڈاکٹر صدام سہاگ، ڈاکٹر شبیر میمن، ڈاکٹر زین ، ڈاکٹر غلام فاطمہ، ڈاکٹر سادیہ، ڈاکٹر عزیز بھگیو، ڈاکٹر عمر، ڈاکٹر غلام علی قریشی، ڈاکٹر ایاز سومرو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر احتجاج