شہبازشریف کی کراچی کی سیاست میں انٹری خطرے کی گھنٹی ہے : پیپلز پارٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورہ کراچی پر اپنے ایک بیان میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف بڑی سی ٹوپی پہن کر کراچی آئے، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں‘ شہباز شریف اپنی جماعت کے سربراہ ہیں کراچی میں سیاست ان کا حق ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تو جھوٹے وعدوں کے علاوہ اس شہر اور صوبے کو کچھ نہیں دیا بڑے میاں نے تو وفاقی فنڈز کا 90 فیصد پنجاب کو دئے اور شہباز شریف نے وہ سب لاہور پر لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ قیام امن کے بعدن لیگ کی کراچی شہر کی سیاست میں انٹری خطرے کی گھنٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ محترمہ شہید کے دوسرے دور میں شہر میں امن ہوا تو نوازشریف نائن زیرو پہنچ گئے تھے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف کے دورہ نائن زیرو کے بعد شہر کا امن دوبارہ ایسا بگڑا جو اب جاکر سنبھلا ہے اب بڑے میاں نااہل ہوئے تو چھوٹے میاں نے انٹری دی ہے اللہ خیر کرے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ کراچی کے لوگ پرانے شکاریوں کے اسی پرانے جال میں نہیں پھنسیں گے‘ ن لیگ کی سوچ علاقائی ہے اور سندھ میں لسانیت کو ہوا دینے کا ایجنڈا بنایا گیا ہے۔ مولابخش چانڈیونے کہا کہ شہباز شریف سندھ کے عوام میں تقسیم کا ایجنڈا لے کر کراچی آ جا رہے ہیں‘ سندھ کے عوام نے پہلے بھی علاقائی سوچ رکھنے والوں کو مسترد کیا اب بھی یہ نامراد جائیں گے۔ دریں اثناءوزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورہ کراچی میں ان کی جانب دئیے گئے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ شکاری ٹوپی پہننے سے کوئی شکاری نہیں بنتا ہے۔سیاست میں ایک ہی کامیاب شکاری ہے جس کا نام آصف زرداری ہے۔ اپنے بیان میں ناصر شاہ نے کہا کہ نیب زدہ وزیروں کو ساتھ لیکر گھومنے والوں کا مستقبل جیل میں ہے‘ مہنگی ترین بسیں چلانے والے لاہور کو پانی اور اسپتال نہ دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سندھ کو اس کے حصے کا بجٹ اور پانی دیں پھر سندھ میں سیاست کریں‘ سندھ کی لوڈ شیڈنگ پر شہباز شریف کا پنکھا کہاں گیا ہے‘ شوباز شریف ایکٹنگ سے زیادہ عوام کی خدمت پرتوجہ دیتے تو یہ دن دیکھنے نہ پڑتے‘ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں‘ گرین لائن منصوبہ شہباز شریف کا منہ چڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں کراچی کو ایک منصوبہ دیا وہ بھی نامکمل ہے‘ چیف جسٹس پنجاب کے کسی اسپتال کا دورہ کرلیں تو بھائیوں کی چیخیں نکل جاتی ہیں‘ سندھ نے نہ پہلے ن لیگ کو لفٹ کرائی نہ اب ووٹ دیں گے۔
مولا بخش چانڈیو/ ناصر شاہ ردعمل