غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجراء پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا آج مظاہرے کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سینئرنائب صدر سید زین شاہ نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے خلاف سندھ ایکشن کمیٹی کی جانب سے آج (پیر کو)سندھ بھرکے ڈسٹرک ہیڈکوارٹرز میں نادرا آفس کے باہر مظاہرے کیے جائیں گے‘ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کر کے سندھ کے شہریو ں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے یہ بات انہوں نے حیدر منزل کراچی میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نادرا حکام ہم سے رابطے میں ہیں اگر وہ ہمارے تحفظات کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہوئے تو احتجاج کا دائرہ بڑھا کر ان کا گھرائو کیا جائے گا اورپرامن طریقے سے ملک کے کمیونیکیشن سسٹم کو روکیں گے‘ 2012ء میں سپریم کورٹ نے ڈائریکشن دی تھی کہ 35لاکھ غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جائے۔ملک میں مختلف حملے میں جو دہشت گرد پکڑے گئے ہیں ان کے پاس بھی پاکستانی شناختی کارڈ ملے ہیں‘ ماضی میں بھی دہشت گردوں کو شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے‘ سندھ میں کسی بھی صورت میں دہشت گردوں اور غیر ملکیوں کو پناہ نہیں دیں گے۔
زین شاہ/ مظاہرے