بلوچستان صنعتکاروں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں‘ سلیم مانڈوی والا
کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا نے حب میں انکے اعزاز میں بوری کمیونٹی کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں ناکامی پر ہمارے ہاں اکثر یہ الزامات لگاتے ہیں کہ چیئرمین فلاں صوبے سے ہے ڈپٹی فلاں صوبے سے ہے اگرکوئی ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہوتی تو وہ بائیکاٹ کرتے‘ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے حوالے سے ہر صوبے کے ایم پی ایز اور ایم این ایز نے بولا ہے کہ یہ منصوبہ پورے پاکستان کا ہے صرف پنجاب کا نہیں ہے اس منصوبے سے پاکستان میں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سلیم مانڈی والا نے کہاکہ کراچی میں بجلی کا مسئلہ اتنا سنگین نہیں جتنا بنانے کی کوشش کررہے ہیں ویسے بھی حکومت کو دو ماہ باقی ہیں تو اسکو جان بوجھ کر اشو بنایا جارہا ہے‘انہوں نے کہاکہ بلوچستان صنعتکاروں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں بلوچستان میں صنعتکاروں کو کبھی کوئی مسئلہ درپیش نہیں رہا بلوچستان باالخصوص حب میں جو صنعتی ترقی کررہی ہے اس کی بڑی وجہ یہاں کے لوگوں کا تعاون ہے‘ انہوں نے کہاکہ میرا تعلق لسبیلہ چیمبر آف کامرس سے ہے اور میں اس کا صدر بھی رہا ہوں اور میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ہر فورم پر حب کے صنعتکاروں کو در پیش مسائل کے حوالے سے آواز اٹھاؤں۔ تقریب سے لسبیلہ چیمبر آف کامرس کے صدر اسماعیل ستار سمیت بوری کمیونٹی کے معززین نے خطاب کیا۔ تقریب میں آئے مہمان خان سلیم مانڈی والا کو پھولو کے گلدستے پیش کیے گئے جبکہ ڈپٹی چیرمین کا استقبال بینڈ باجے سے کیا گیا۔
سلیم مانڈوی والا