بلوچستان میں خفیہ ہاتھ نے بھرپور وار کیا: جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن)
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے نئے جنرل سیکرٹری سیدال خان ناصر نے کہا ہے بلوچستان میں پارٹی کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی اولین ترجیح ہو گی۔ پارٹی کو بلوچستان میں منظم کریں گے۔ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی قیادت میں بلوچستان کے ناراض ساتھیوں کو دوبارہ پارٹی میں واپس لانے کی کوشش کریں گے۔ سینٹ کے الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ سراج الحق سامنے لا چکے ہیں۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر میاں شہباز شریف قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ نواز شریف حکومت نے چین کے ساتھ مل کر سی پیک کا منصوبہ لا کر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کی بنیاد رکھ دی ہے، اللہ نے چاہا تو سی پیک نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان کے لئے خوشحالی کے دروازے کھول دے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا نواب ثناء اللہ زہری کی مسلم لیگ (ن) کے لئے بے پناہ قربانیاں ہیں۔ بلوچستان میں جو کچھ ہوا اس میں جہاں انسانی غلطیاں کارفرما تھیں وہاں خفیہ ہاتھ نے بھی بھرپور وار کیا۔ جانے والے تمام لوگ برے نہیں تھے ہماری کوشش ہو گی ان کے جانے سے پارٹی کو جو نقصان ہوا اس کی تلافی کی جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) نے بہت قربانیاں دی ہیں، قربانیاں دینے والے کارکنوں کی عزت نفس بحال کریں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اللہ نے چاہا تو الیکشن 2018ء میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں حیران کن نتائج دے گی۔
سیدال خان ناصر